41

نوجوانوں کا تمباکو مصنوعات پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانا ہوگا،ڈاکٹر خلیل احمدڈوگر

اسلام آباد(سٹی رپورٹر)نوجوانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ وفاقی بجٹ 26 -2025میں تمباکو مصنوعات پرعائدٹیکس میں مزید اضافہ کرے جبکہ پالیسی ساز عوامی صحت کے تحفظ اور نوجوانوں میں تمباکو نوشی کی شرح کم کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں، یہ مطالبہ سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک) کے زیر اہتمام اور پنجاب گروپ آف کالجز کے اشتراک سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد تمباکو اور نیکوٹین انڈسٹری کی مارکیٹنگ چالاکیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک ماہ طویل آگاہی مہم کا آغاز تھا۔ صحت مند نسل مضبوط معیشت کے عنوان سے یہ مہم جمعہ کو پنجاب کالج میں باضابطہ طور پر شروع کی گئی۔نوجوانوں کے نمائندوں نے تمباکو کے خلاف مضبوط مالی اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا، جو ملک میں بیماریوں اور معاشی دباؤ کا ایک بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس میں اضافہ تمباکو کے استعمال کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر تجویز کردہ حکمت عملی ہے، نوجوانوں کے نمائندوں نے ایک مؤثر پیغام دیا، جس میں تمباکو نوشی کو پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا اور اعلان کیا،تمباکو نہ صرف ہماری صحت چھینتا ہے بلکہ ہمارا مستقبل بھی، ہمیں متحد ہو کر اپنے نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانا ہوگا۔”ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگرپروگرام مینیجر سپارک نے کہا کہ بچے اور نوجوان تمباکو انڈسٹری کا سب سے کمزور ہدف ہیں۔ “تمباکو پر ٹیکس بڑھانا نہ صرف جانیں بچائے گا بلکہ ہمارے نظام صحت پر معاشی بوجھ کو بھی کم کرے گا،محترمہ خالدہ احمد، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز سپارک نے ایک صحت مند نسل کی تشکیل اور اس کے معیشت پر اثرات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارے نوجوانوں کو ایک صحت مند مستقبل کے لیے بااختیار بنانا صرف اخلاقی فرض نہیں بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔”چوہدری محمد اکرم، ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز راولپنڈی/اسلام آباد نے تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو تمباکو کے استعمال کے خلاف قیادت کرنی چاہیے، تاکہ ہمارے طلباء میں صحت مند عادات اور روشن مستقبل کی تشکیل ہو۔”اس مہم کے دوران نوجوان صرف ایک دن تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے مہینے بھر تمباکو مخالف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔ ان کی سرگرمیوں میں آگاہی کلبز کا قیام، تربیتی نشستوں میں شرکت، تقریری مقابلے، پوسٹر ڈیزائن کرنا، سوشل میڈیا مہمات چلانا، اور ویڈیو پیغامات بنانا شامل ہوں گے، جو 31 مئی 2025 کو عالمی یوم انسداد تمباکو کی شاندار تقریبات پر منتج ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں