اسلام آباد(سٹی رپورٹر)کنوینئر ورلڈ مینارٹی الائنس، نوبل پیس پرائز کے لئے نامزد امیدواراور سابق وفاقی وزیر جے سالک نے کہا ہے کہ پانی کسی بھی قوم کی بقاء کا ضامن ہے،اور بھارت کی جانب سے اس پر پابندی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سابق وفاقی وزیرجے سالک کی قیادت میں آج اسلام آباد میں ارجنٹینا پارک سے نیشنل پریس کلب تک پر امن ریلی کا انعقاد کیا گیا۔یہ ریلی بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر پاکستان کا پانی روکنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف احتجاج اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے اظہار کے لئے نکالی گئی۔ریلی میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی ، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کی حمایت اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ نیشنل پریس کلب کے سامنے خطاب کرتے ہوئے جے سالک نے کہا کہ پانی کسی بھی قوم کی بقاء کا ضامن ہے،اور بھارت کی جانب سے اس پر پابندی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ خاموش جنگ ہے، ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ سابق وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ اوردیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لے اور خطے میں پانی کے بہاو کو سیاسی ہتھیا ربنانے کی کوششوں کو روکے
46