اٹلی(انٹرنیشنل ڈیسک)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت اوورسیز کے فوکل پرسن برائے اٹلی اکرام الدین نے کہا کہ پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری، ویٹی کن اور دنیا بھر میں پوپ فرانسس کے ماننے والوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری آج ایک عظیم روحانی پیشوا سے محروم ہو گئی ہے جو قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کا انتقال بین الاقوامی برادری، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کے لیے بڑا نقصان ہے۔پوپ فرانسس ہمدردی، عاجزی اور امن کی علامت تھے۔ وزارت اوورسیز کے فوکل پرسن برائے اٹلی اکرام الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس کی انسانیت کے لیے خدمات نے انہیں کیتھولک دنیا سے کہیں بڑھ کر عالمی سطح پر عزت اور محبت دی۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کی غریبوں کی فلاح، مہاجرین کے حقوق اور مذاہب و ثقافتوں کے درمیان پُل بنانے کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی ابدی زندگی میں سکون اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کے لیے دعاگو ہوں۔
