راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، آرڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ کے اشتراک سے اسلام آباد کے G-11 مرکز میں واقع یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے ہیڈ آفس کو سیل کر دیا ہے۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کی متعدد خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی، جن میں غیر قانونی پلاٹوں کی فروخت، غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیاں، فراڈ پر مبنی مارکیٹنگ، اور متعدد عوامی شکایات شامل ہیں جو مختلف فورمز جیسے پی ایم پورٹل، محتسب پنجاب اور سی ایم پورٹل وغیرہ پر موصول ہوئیں۔ ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آر ڈی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام ہاؤسنگ سکیمیں قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ عوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور شہر کا ترقیاتی معیار برقرار رہے۔ ہم ایسی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کریں گے جو شہری ترقی کی سالمیت یا عوام کی فلاح و بہبود کو متاثر کرے۔ اس آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای محمد طاہر میو نے کی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سمیع اللہ نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن افتخار علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا، اسلام آباد کے متعلقہ مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ اور دیگر ٹیم ممبران نے شرکت کی۔ آر ڈی اے کا انفورسمنٹ اسکواڈ علاقے میں ہاؤسنگ سکیموں کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گا اور مستقبل میں بھی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں مزید قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔۔۔۔۔۔۔۔
