اسلام آباد 18 اپریل(ٓآفاق ندیم ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے روسی وزارت تعلیم اور اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے تعاون سے اپنے مرکزی کیمپس میں ابتدائی سطح کا روسی زبان کا کورس شروع کر دیا ہے۔ کورس کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے 350 سے زائد افراد نے درخواستیں دیں جن میں سے 60 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔کورس کی تدریس محترمہ ایکاترینا اندریٹس کر رہی ہیں جو روسی وزارت تعلیم کی نامزد کردہ ماہرِ زبان ہیں۔ کلاسز ہفتے میں تین دن، تین گھنٹے پر مشتمل ہوتی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں روسی سفارت خانے کی نمائندہ علینا کولیسنیکووا اور فلپ سمولیاکوف نے شرکت کی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔تقریب کے مہمان خصوصی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کورآرڈینیشن پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ نے کورس سے ذاتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے روسی زبان میں خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر بین الاقوامی امور، ڈاکٹر زاہد مجید نے روسی جامعات سے شراکت داری اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
