15

بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کا سیول، جنوبی کوریا میں تاریخی آغاز

عالمی پارلیمانی سفارت کاری کے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام کے طور پر بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کا باقاعدہ آغاز جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں دنیا بھر سے سینئر پارلیمانی رہنماؤں، اسپیکرز اور چیئرپرسنز نے شرکت کی، جو جمہوری اقدار، باہمی تعاون اور عالمی ترقی کے لیے اپنی مشترکہ وابستگی کی علامت ہے۔
اس کانفرنس کا سب سے اہم اور قابلِ فخر پہلو یہ ہے کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر ISC کا بانی چیئرمین منتخب کیا گیا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں، بین الاقوامی تعلقات میں تجربے اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے اس اعزاز پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کو عالمی پارلیمانی روابط کو مضبوط کرنے کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ عالمی ہم آہنگی، مشترکہ خوشحالی اور دیرپا امن کی جانب ہمارے اجتماعی کردار کو ازسرنو متعین کرنے کا ایک تاریخی موقع بھی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے عالمی چیلنجز کے پیشِ نظر بین الاقوامی پارلیمانی قیادت کو مربوط اور بامقصد اقدام پر زور دیا، جن میں ماحولیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، توانائی کے متبادل ذرائع، معاشی ناہمواری اور تنازعات کا پْرامن حل شامل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں ٹھوس تجاویز پیش کیں جن میں آبادی، پائیداری اور وسائل کی مساوی تقسیم پر مبنی خصوصی ٹاسک فورسز کا قیام،شفافیت، تعاون اور مؤثر حکمرانی کے لیے پارلیمانی تربیت کے عالمی نیٹ ورکس کی توسیع،اقوام متحدہ، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ حکمتِ عملی پر مبنی اشتراک، ڈائیلاگ اور تنازعات کے حل کے لیے پارلیمانی فریم ورکس کی تشکیل اور پائیدار طرزِ حکمرانی کو رکن ممالک کی پارلیمانوں میں ایک رہنما اصول کے طور پر اپنانے کی تحریک شامل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں مزید کہا بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) محض پارلیمانی رہنماؤں کا اجتماع نہیں بلکہ یہ ہماری مشترکہ خواہش کا زندہ ثبوت ہے کہ ہم افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھیں، انسانی وقار کو بلند کریں اور عالمی ترقی کے لیے ایک مشترکہ راستہ طے کریں۔
بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے اختتام پر ایک پروقارایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے 45 بانی اراکین اسپیکرز کو خصوصی اعزازات سے نوازا۔ یہ اعزازات ان رہنماؤں کی خدمات، جمہوری استحکام، پارلیمانی تعاون اور عالمی یکجہتی کے فروغ میں ان کے غیر معمولی کردار کے اعتراف کے طور پر پیش کیے گئے۔یہ تقریب بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کی اس بنیادی روح کی عکاس تھی جو عالمی پارلیمانی سفارت کاری کو انسانیت کی خدمت، پائیدار ترقی اور امن عالم کے فروغ کے لیے وقف کرنا چاہتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا بطور بانی چیئرمین بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) متفقہ انتخاب نے پاکستان کو عالمی سفارتی منظرنامے پر ایک قابلِ فخر مقام عطا کیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ملک کی جمہوری ساکھ کو مزید مستحکم کرتا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے تعمیری اور قائدانہ کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں