15

پاکستان اور ازبکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان سیاحت کے شعبے میں ازبکستان سے تعاون کے لئے تیار ہے، ہارون اختر خان

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و معیشت ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان سیاحت کے شعبے میں ازبکستان سے تعاون کے لئے تیار ہے،ویزوں اور سفر میں سہولت دی جائے گی، دونوں ممالک کے سیاح مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ازبک وزیر سیاحت امید شادئیف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان سیاحت کے شعبے میں ازبکستان سے تعاون کے لئے تیار ہے، وزیراعظم نے سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور ورثے کے بڑے منصوبوں کا وژن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت جی ڈی پی اور برآمدات میں اضافہ کا اہم ذریعہ ہے، وسطی ایشیا کی جانب دیکھنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازیں ازبکستان کیلئے کھولنے کی ہدایت کر دی ہے، نجی ایئر لائنز بھی تجارت و سیاحت کے فروغ میں کردار ادا کریں گی،ویزوں اور سفر میں سہولت دی جائے گی، دونوں ممالک کے سیاح مستفید ہوں گے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کا تعاون و رابطہ وقت کی ضرورت ہے،قدرت نے پاکستان کو بے شمار قدرتی مقامات سے نوازا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے مگر حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ازبک وزیر سیاحت امید شادئیف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں،دونوں ممالک کے عوام محنتی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں