حبیب رفیق گروپ کے زیر اہتمام پروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ملک کی ممتاز سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب کی میزبانی حبیب احمد نے کی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، علی موسی گیلانی سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات نہ صرف باہمی روابط کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور کاروباری تعاون کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے حبیب رفیق گروپ کی جانب سے اس شاندار تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ تقریب میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع خاص طور پر ہاوسنگ، تعمیرات، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں ممکنہ ترقیاتی امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں، جنہیں موثر حکومتی پالیسیوں، جدید سہولت کاری اور نجی و سرکاری شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے، کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور پائیدار منصوبے متعارف کرانے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
14