14

چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت ای او بی آئی کی 8ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد۔19مارچ (ٓفاق کھو کھر ):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے بدھ کو یہاں ای او بی آئی (ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن) کی آٹھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ای او بی آئی کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر جاوید اے شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد امین نے شرکت کی اور ادارے کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ ای او بی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ای او بی آئی نے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اجروں اور ملازمین سے 50 ارب روپے کی رقوم وصول کی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ادارے نے سرمایہ کاری سے 54 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی ہے جو کہ 41 فیصد کی قابل ذکر شرح نمو کو ظاہر کرتی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ ای او بی آئی اس وقت تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار مستفیدین کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس مدت کے دوران 37.5 ارب روپے پنشن کی مد میں ادا کئے جا چکے ہیں۔ آپریشنل اور انتظامی اخراجات کے ساتھ ساتھ پنشن کی ادائیگیوں کو پورا کرنے کے بعد موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ای او بی آئی نے 65.7 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین  نے ای او بی آئی کی کارکردگی کو سراہا اور عوام و محنت کشوں کی بہتر خدمت کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے ای او بی آئی کے افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنشنرز کی فلاح و بہبود اور ریٹائرڈ کارکنوں کی مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی لگن برقرار رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں