16

آزادکشمیر میں علاقائی اور قبیلوں کی سیاست کے خاتمے کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے متحداور یکجان ہو کر کوششیں کرنا بیرسٹر سلطان محمود

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہاہے کہ میرا مقصد آزادکشمیر میں علاقائی اور قبیلوں کی سیاست کے خاتمے کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے متحداور یکجان ہو کر کوششیں کرنا ہے اس سلسلے میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو متحد و متفق ہو کر مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اپناکردار ادا کرنا ہو گا۔ کیونکہ مودی اس وقت دفاعی پوزیشن پر آ چکا ہے اور اب یہ بہترین وقت ہے کہ بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے نے نقاب کیا جائے۔ کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر مظالم کی انتہاء کر رکھی ہے۔ نریندر مودی ہندوتوا کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور وہ بھارت کو ہندو دیش بنانا چاہتا ہے۔لیکن مسئلہ کشمیربین الاقوامی سطح پر پہلے سے زیادہ اُجاگر ہوا ہے۔میں نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ اور برطانیہ میں جہاں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ میں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی وہاں مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیا ہے۔ اسی طرح میں نے رمضان میں 22اسلامی ممالک کے سفیروں کو افطار ڈنر دیا ہے اور میں نے مسلم اُمہ پر زور دیا کہ وہ او آئی سی اور دیگر فورم سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کے مکروہ عزائم سے باخبر ہو چکی ہے۔ نریندر مودی ہندو توا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا مکروہ چہرہ اب دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے اور بھارت عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ کیونکہ بھارت کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں واضح طور پر ملوث پایا گیا ہے جس کے واضح ثبوت کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے ہیں اور اسی طرح بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج حلقہ چڑھوئی کجلانی کے مقام پر راجہ اویس کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے بہت بڑے اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میزبانی کے فرائض راجہ اویس نے سر انجام دئیے جبکہ اس موقع پر راجہ سبیل،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی چوہدری رزاق ایڈووکیٹ،، سابق سینئر وزیر راجہ اکرم کے صاحبزادے راجہ آفتاب، راجہ مسعود ایڈووکیٹ اور دیگر بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب کجلانی پہنچے تو کجلانی دور دراز علاقہ ہونے کے باوجود صدر آزاد کشمیر کی ایک جھلک دیکھنے اور اُن کے استقبال کے لئے سینکڑوں لوگوں کا سیلاب اُمڈ آیا اور صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، پھولوں کی ہار پہنچائے گے اور ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی کشمیر کی آزادی کے لئے وقف کر دی ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے لیکن 5اگست 2019کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاء کر دی ہے۔ مودی سرکار نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ خود بھارت کے اندر بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں اور بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے۔لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے زور بازو کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ تسلط سے آزاد ہو کر آزادی کی فضاء میں سانس لیں گے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کجلانی کی سٹرک 35سال قبل سابق سینئر وزیر راجہ اکرم (مرحوم)نے تعمیر کروائی تھی اور اس کے بعد کسی نے بھی اس سڑک پر توجہ نہیں دی اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں اس سڑک کو دوبارہ جلد تعمیر کرواں گا۔اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں کجلانی کی عوام کی طرف سے فقیدالمثال استقبال پر اُن کا شکر گزار ہوں اور ہمیشہ کے لئے اس کو یاد رکھوں گا۔

کیٹاگری میں : World

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں