اسلام آباد: (سٹاف رپورٹر): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہفتہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں بذریعہ زوم مختلف منصوبوں اور شہر کی بہتری کیلئے اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں ممبر انجینئرنگ، ممبر ایڈمن، نیسپاک کنسلٹنٹس سمیت دیگر متعلقہ فارمیشنز کے سنئیر افسران نے شرکت کی. اجلاس میں متعلقہ سنئیر افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی اور بتایا کہ اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی عمارت کی مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے تفصیلی تخمینہ پر کام جاری ہے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ پولیس اکیڈمی کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے ٹائم لائنز سمیت دیگر اہم امور کو جلد مکمل کیا جائے اور اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کی جائے. انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نیسپاک کے کنسلٹنٹس بھی پولیس اکیڈمی کے مرمتی کام میں معاونت فراہم کریں.اجلاس میں پاک سیکریٹریٹ کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پاک سیکریٹریٹ کی عمارتوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اس کے facade کے کام پر کم خرچ ڈیزائن تیار کیا جائے اور ہدایت کی کہ پاک سیکریٹریٹ کے اطراف سافٹ لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر ورک کو یقینی بنایا جائے. انہوں نے پلاننگ ونگ کو پاک سیکریٹریٹ میں پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے علیحدہ جگہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں ڈرون کے ذریعے سروے کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے نے ڈی ایم اے ڈائریکٹوریٹ کو اپنے اثاثہ جات اور انکا مارکیٹ پرائس کے مطابق تخمینہ لگانے کی ہدایت کی. اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں قبرستانوں کی مرمت اور انکی دیکھ بھال کا کام تیزی سے جاری ہے. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ میت بس کے تمام چارجز کو فوراً ختم کیا جائے اور قبرستان کیلئے الیکٹرک بس بھی متعارف کروائی جائے.
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز میں دکانوں کے باہر اشتہارات اور سائن بورڈز کا یکساں ڈیزائن متعارف کروایا جائے. انہوں نے کہا کہ مراکز اور دکانوں پر اشتہارات اور سائن بورڈز کا خوبصورت ڈیزائن اپنانے کیلئے بہترین آرکیٹیکٹ سے خدمات لی جائیں.اجلاس میں اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کی مرمت، دیکھ بھال اور انکو خوبصورت بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا. اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر پیچ ورک اور کرب سٹون کی مرمت کا کام جاری ہے. چیئرمین سی ڈی اے نے کلب روڈ، شاہراہِ دستور، ایکسپریس ہائی وے، فیصل ایونیو، سری نگر ہائی وے، مارگلہ روڈ، جناح ایونیو سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی مرمت انکی دیکھ بھال اور خوبصورتی کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزکورہ شاہراؤں اور پیڈسٹرین برجز پر مستقل لائٹس کی تنصیب کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان شاہراہوں کے تعمیر و مرمت کے کام کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دن رات کام کرکے مکمل کیا جائے۔رمضان المبارک کے آغاز سے قبل فیصل مسجد کی تزئین و آرائش اور صفائی کا کام مکمل کیا جائے. انہوں نے مزید کہا کہ فیصل مسجد پر رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں دیدہ زیب لائٹس بھی نصب کی جائیں. تمام امور کو رمضان المبارک کے آغاز میں ہی مکمل کیا جائے ۔
21