سنگاپور۔ (بیورو چیف ):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے دو روزہ نجی دورے کے دوران جمعرات کو سنگاپور میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے ملاقات کی۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس ملاقات کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے پاکستان میں موجود بے پناہ سرمایہ کاری کے مواقع خصوصاً بلوچستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت نے کاروبار دوست ماحول فراہم کیا ہے اور پاکستانی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو پاکستان میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی اور یقین دلایا کہ ملک کی سکیورٹی صورتحال مستحکم ہے جبکہ کئی بین الاقوامی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔مزید برآں سیدال خان نے پاکستانی کاروباری شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا قوانین سے متعلق اٹھائے گئے خدشات کا بھی جواب دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ قوانین افراد کی پرائیویسی کے تحفظ اور جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وضع کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک میں انٹرنیٹ خدمات کی بہتری کے لئے حکومت کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ڈپٹی چیئرمین نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ ایس آئی ایف سی بیوروکریسی کی رکاوٹوں کو کم سے کم کرنے اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے “ون ونڈو آپریشن” مہیا کر رہا ہے۔ملاقات میں سنگاپور میں تعینات پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق بھی موجود تھیں۔
22