وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی لزبن میں پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی نماز جنازہ میں شرکت
لزبن ۔8فروری (نیوز رپورٹر):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگ زیب نےپرتگال کے شہر لزبن میں شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 49 ویں امام مرحوم شہزادہ کریم الحسینی آغا خان چہارم کی نماز جنازہ میں شرکت کی ہے ،وزیر خزانہ نے شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50 ویں امام شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم سے بھی ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے مرحوم پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم پرنس کریم آغا خان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی خدمات کو بھی سراہا۔ وزیر خزانہ نے پرنس کریم آغا خان چہارم کی وفات کو ان کے خاندان، دوستوں اور پیروکاروں کے علاوہ دنیا بھر کے پسماندہ اور نادار لوگوں کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ وزیر خزانہ نے مرحوم پرنس کریم آغا خان کی پاکستان اور اس کے عوام سے خصوصی وابستگی کے حوالہ سے کہا کہ حکومت پاکستان نے پرنس کریم آغا خان کی تدفین کے موقع پر 8 فروری 2025 کو قومی سوگ کا دن قرار دیا ہے۔ ملک بھر میں اور بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں پاکستانی پرچم سرنگوں ہے۔