اسلام آباد۔23مارچ (آفاق ندیم کھوکھر ):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں جدت، تعلیم اور تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تکنیکی اور قومی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اتوار کویوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کے ساتھ پاکستان کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کا غیر متزلزل عزم اور اتحاد تھا جس نے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا، ان کی جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظیم قومیں محنت اور بہتر مستقبل کے غیر متزلزل یقین پر استوار ہوتی ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی میدان میں مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، خود انحصار قوم کی تعمیر تعلیم، تحقیق اور سائنسی ترقی پر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ترقی پسند پاکستان کے وژن کے مطابق ہم ٹیکنالوجی اور دیگر مواقع تک رسائی کو یقینی بنا کر پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرے،پاکستان کی ترقی اورخوشحالی اجتماعی کوششوں میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یوم پاکستان پر آئیے ہم عہد کریں کہ ہم ایک خوشحال، متحد اور ترقی پسند پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے
12