12

یورپی یونین وفد کے سربراہ جیرون ولیمز کی سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری سے ملاقات — پاک یورپی بزنس فورم پر تفصیلی گفتگو

اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری سے یورپی یونین کے وفد کے سربراہ جیرون ولیمز کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات، باہمی تعاون اور آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاک یورپی یونین بزنس فورم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جیرون ولیمز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اور 15 مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والا یہ اعلیٰ سطحی بزنس فورم یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم نہ صرف بزنس کمیونٹی کے درمیان ہائی لیول نیٹ ورکنگ کا موقع فراہم کرے گا بلکہ اس سے یورپی اداروں اور پاکستانی کاروباری حلقوں کے درمیان براہ راست روابط بھی مستحکم ہوں گے۔جیرون ولیمز نے کہا کہ امریکا اور چین سے بھی بڑا یورپی یونین پاکستان، کا تجارتی و سرمایہ کاری پارٹنر ہے اور یورپی یونین ان تعلقات کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے یورپی یونین کی پاکستان کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا اور یو بی جی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی نہ صرف ادارہ جاتی سطح پر بلکہ ذاتی طور پر بھی یورپی یونین اور پاکستان کے کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ظفر بختاوری نے کہا کہ ایسے فورمز باہمی اعتماد، اقتصادی ترقی اور پائیدار تجارتی شراکت داری کو فروغ دیتے ہیں، اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں