34

ہم ہیں پاکستان❤ تحریر: راجہ محمد علی منہاس

یہ تصویر ضلع راولپنڈی تحصیل گوجر خان کے گاٶں سکھو کے سرفراز تاج ولد محمد تاج کی ہے سرفراز صاحب کے یونیفارم سے تو یہ بات آپ پر عیاں ہو چکی کہ وہ افواج پاکستان کا حصہ ہیں اور دھرتی کے ان جانباز بیٹوں میں شامل ہیں جو ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے جیسے اہم فریضہ کو بلا خوف و خطر سرانجام دے رہے ہوتے ہیں سرفراز بھی جعفر ایکسپریں کے ان شہیدوں میں شامل ہوۓ ہیں جنھیں بولان کے قریب کوٸٹہ سے پشاور آنے والی ٹرین پہ دہشت گردوں کے اچانک بزدلانہ حملے میں جام شہادت نوش کرنا نصیب ہوا ہے

چونکہ سرفراز صاحب ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور اس محبت کا ثبوت انھوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوۓ اپنی جان قربان کر کے دیا ہے وہ ملک قوم اور افواج پاکستان کے لیے باعث فخر تو ہیں ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ خطہ پوٹھوہار کے واسطے بھی باعث اعزاز ہیں ، سرفراز صاحب کا تعلق خطہ پوٹھوہار کی زرخیز اور وفادار زمین سے ہے اور پوٹھوہار کی تاریخ رہی ہے کہ دھرتی کے اس حصے کے بیٹے بڑی بہادری اور جوانمردی سے ملک و قوم کو دشمنوں سے بچاتے ہوۓ شہادت کے رتبوں پہ فاٸز ہوۓ ہیں یہی نہیں پوٹھوہار کی دھرتی ماں کے ماتھے پہ سجے دو نشان حیدر اور متعدد تمغہ شجاعت آج بھی اس بات کی دلیل ہیں کہ جب جب اپنی مٹی نے پکار لگاٸ تو مٹی کے بیٹے پوٹھوہار سے اپنی مٹی کا حق ادا کرنے پہنچے ہیں

پوٹھوہار کے باسی ابھی ماہ فروری کے اواٸل میں روات سے تعلق رکھنے والے میجر حمزہ اسرار شہید کی شہادت کو نہیں بھولیں ہیں کہ سکھو کے سرفراز تاج بھی مادر وطن کے جانباز شہیدوں میں شامل ہو کر اپنی مٹی میں آرام کرنے پہنچ گٸے ہیں میجر حمزہ اسرار شمالی وزیرستان میں خوارج دہشگردوں سے معصوم نہتے بے گناہ شہریوں کی حفاظت کرتے ہوۓ شہید ہوۓ تھے اور اب سرفراز تاج کو بھی یقینی طور پہ اس لیے دہشت گردوں نے مارا ہو گا کیونکہ انھوں نے جعفر ایکسپریس میں موجود معصوم نہتے مسافروں کو دہشت گردوں کے ظلم و ستم اور ان کے رحم و کرم پہ چھوڑنے سے انکار کیا ہو گا وہ ملک دشمنوں کے سامنے رکاوٹ بنے ہوں گے اور ایسا کرنا ان کے اس لیے بھی ضروری تھا کہ ایک تو وہ ظاہری سے بات ہے کہ افواج پاکستان کا حصہ تھے اور دوسری بات یہ کہ ان کے فراٸض منصبی میں شامل تھا کہ جب بھی جہاں بھی ہنگامی حالات پیدا ہوں گے یا دشمن کہیں بھی کسی بھی طرح ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو وہ اپنی بہترین ذمہ داریاں نبھاتے ہوۓ اپنے لوگوں کو اپنی دھرتی ماں کو دشمن کے تمام ناپاک عزاٸم سے محفوظ رکھنے میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے اور یہاں بھی اس قابل تعریف و تحسین فوجی جوان نے ایسا ہی کیا ہے اسی لیے وہ ملک دشمن عناصر کی گولیوں کا نشانہ بنا دیٸے گٸے ہیں سرفراز تاج نے دہشت گردوں کے سامنے مزاحمت کرتے ہوۓ یہ بھی بتایا ہے کہ افواج پاکستان کسی طور بھی دہشت گردوں اور ریاست مخالف طاقتوں کو معاف نہیں کریں گی وہ لڑیں گے اس لیے کہ انھیں ملک دشمنوں سے اپنے ملک کو اپنے لوگوں کو ہر ممکن محفوظ بنانا ہے پھر اس کے لیے چاہیے کتنے ہی حمزہ اسرار اور سرفراز قربان ہوں جاٸیں فرق نہیں پڑتا

قوم کو افواج پاکستان اور باالخصوص شہیدان وطن کی لازوال قربانیوں پہ ناز رہے گا شہداء وطن کے خاندان ملک و ملت کے ماتھے کا جھومر ہیں آج قوم کا ہر ایک فرد اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوۓ ان شہداء کے اہل خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے کیونکہ یہ جو فوجی ہوتے ہیں یہ کوٸ الگ ہی لوگ ہوتے ہیں یہ اپنی من مرضی سے افواج پاکستان کا حصہ بنتے ہیں حالانکہ انھیں معلوم ہوتا ہے کہ جس کام کی اداٸیگی کے لیے یہ جا رہے ہیں وہاں تکالیف مصاٸب مشکلات ہر روز ایک نٸے چیلنج کا سامنا اور زندہ واپس گھروں کو لوٹنے کی امیدیں بھی کم ہی ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ دھرتی کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی پرواہ تک نہیں کرتے

افواج پاکستان کو آج بیرونی دشمنوں سمیت ملک کے اندر موجود ان دشمنوں کے آلہ کاروں یا سہولت کاروں کا زیادہ سامنا ہے خاص طور پہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں جن حالات سے ہماری افواج نبرد آزما ہیں روزانہ کتنے ہی جوانوں اور افسروں کی شہادتیں ہو رہیں ہیں مگر اس کے باوجود ہماری افواج کے جانباز جوان اور افسران انتشار زدہ علاقوں میں فرض شناسی سے اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہمتیں جوان ہیں وہ دھرتی ماں کو مکمل طور پہ دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں

افواج پاکستان کو تقویت بخشنے کے لیے ریاست پاکستان کے لوگ سیاسی و سماجی رہنماء شاعر ادیب لکھاری دانشور اراکین پارلیمنٹ اور تمام مکاتب فکر کے باشعور افراد افواج پاکستان کی پشت پہ کھڑے تھے کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے

مالک کریم سرفراز تاج ، میجر حمزہ اسرار سمیت ملک و قوم کے لیے اپنی زندگیاں نچھاور کرنے والے بہادروں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت کرتے ہوۓ انکی قبور کو فتح و نصرت کا ایک لازوال و انمٹ نشان بنا دے خدا پاکستان کی حفاظت کرے آمین ثمہ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں