وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات، بیرسٹر دانیال چوہدری نے ”سرسبز و شاداب پاکستان” ویژن کے تحت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے تعاون سے درخت لگانے کی مہم کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب پوٹھوہار پارک، راولپنڈی میں جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہوئی۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے کم ذمہ دار ہونے کے باوجود گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے- پاکستان کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ابتدائی طور پر ایک ہزار پودے لگا کر مہم کا آغاز کر دیا ہے اور آج کی تقریب میں شہر کے پارکس اور باغات میں مزید ایک ہزار پودے لگائے گئے۔ انہوں نے والدین، طلبہ اور تمام شعبوں سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
بیرسٹر دانیال نے کہا کہ ”ہم نے بچوں کے ہاتھوں میں قلم اور پودے تھمائے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ صحت مند ماحول میں پرورش پائیں، نہ کہ بدتہذیبی یا تخریب کاری کی طرف مائل ہوں۔ سیاسی اختلافات مثبت تنقید تک محدود رہنے چاہئیں۔” انہوں نے شجرکاری کو انسانی بقا کاذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”زندگی کی بقا درختوں سے وابستہ ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والی نسلیں سرسبز پاکستان میں سانس لیں۔”
تقریب کے اختتام پر پی ایچ اے کے نمائندوں اور مقامی شہریوں نے مشترکہ طور پر پودے لگا کر مہم کو عملی شکل دی۔
19