اسلام آباد(کامرس رپورٹر )سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس سالانہ 2 ارب روپے کی برآمدات کر رہا ہے، اگر حکومت مکمل سرپرستی فراہم کرے تو اس میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ برآمدات میں اضافہ ہی ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔ وہ اج یہاں اسلام آباد میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ ایکسپو میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ،یو بی جی اسلام آباد ریجن کے صدر عبدالرئوف عالم ،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور زکی اعجاز،طارق جدون اور زین افتخار تھےایکسپو میں آمد پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر راجہ محمد صدیق خان نے ایس ایم تنویر اور دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ گوجرانوالہ کی صنعتیں اپنی مدد آپ کے تحت ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کما رہی ہیں۔ حکومت اگر برآمدات کو بڑھانے کے لیے سازگار پالیسی اور سہولیات فراہم کرے تو نہ صرف گوجرانوالہ بلکہ پورے پاکستان کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے،یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ہمیشہ تاجروں، صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کی آواز بلند کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ چیمبرز آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر برآمدی اہداف طے کرے اور مکمل سہولیات فراہم کرے، راجہ محمد صدیق خان نے کہا کہ گوجرانوالہ کے صنعتکار و تاجر ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات محدود وسائل کے باوجود مسلسل بڑھ رہی ہیں، اگر حکومت برآمد کنندگان کے لیے سہولتیں فراہم کرے تو برآمدات کئی گنا بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے یو بی جی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کے لیے ہر فورم پر ان کی آواز بن رہے ہیں۔یو بی جی اسلام آباد ریجن کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا کہ کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور زکی اعجاز، طارق جدون اور زین افتخار نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔ایکسپو میں گوجرانوالہ، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے صنعتکاروں، تاجروں اور برآمد کنندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یو بی جی کی خدمات کو سراہا
