17

کمشنر ان لینڈ ریونیو ماجد چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر رانا ارمان کی گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس آمد

گوجرانوالہ() کمشنر ان لینڈ ریونیو جناب ماجد چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر رانا ارمان کی گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد پر قائم مقام صدر جناب احمد نوید رانجھا نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سابق صدر جناب عاصم انیس، سینئر رہنما غلام حسین جج، ظفر ڈار اور چیمبر کے معزز اراکین بھی موجود تھے۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو جناب ماجد چوہدری نے چیمبر کے ممبران کو الٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ADRC) سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نظام نہ صرف ٹیکس دہندگان کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ محکمہ ایف بی آر کے لیے بھی سہولت کا باعث ہے۔ ADRC کے ذریعے فیصلے جلدی ہوتے ہیں، جس سے ٹیکس دہندگان کو بروقت انصاف ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ADRC میں کیس فائل کرنے کے لیے مقرر کردہ مالی حد 50 ملین روپے سے زائد ہے، تاہم ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ اس حد کو کم کر کے چھوٹے ٹیکس دہندگان کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جا سکے۔ اب تک ADRC میں 126 کیسز فائل ہو چکے ہیں، جن میں سے 96 کیسز کی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں اور 52 کیسز حل ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو مجموعی طور پر 179 ملین روپے کا ریلیف ملا ہے۔

قائم مقام صدر جناب احمد نوید رانجھا نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ریونیو آپ اکٹھا کرتے ہیں۔ وہ ملک کی ترقی پر خرچ ہوتا ہے اور خصوصاً جناب چوہدری مجید جیسے افسران نہایت سمجھدار، معاملہ فہم اور تعاون کرنے والے ہیں۔
قائم مقام صدر احمد نوید رانجھا نے تجویز دی کہ گوجرانوالہ چیمبر اور ریجنل ٹیکس آفس کے مابین ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو چھوٹے صنعتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مخصوص ہو، تاکہ کاروباری طبقے کو مزید آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو ماجد چوہدری نے یقین داہانی کروائی کے جلد ہی چیف کمیشنر سے مشورہ کرکے مئ میں کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں