اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پیکا قانون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے نیک نیتی سے پیکا ایکٹ کی قانون سازی کی ہے، ڈیجیٹل میڈیا پر چیک نہ ہونے سے سنگین سماجی مسائل جنم لے سکتے ہیں، کمیٹی مناسب سمجھے تو صحافتی تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حوالے سے اجلاس بلائے، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے، اداروں کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، وزارت کے کرایہ پر موجود دفاتر ختم کرکے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں منتقل کر دیا ہے، صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینلز کی طرح پی ٹی وی کو بھی اشتہارات دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں رکن قومی اسمبلی پولین بلوچ کی زیر صدارت منعقدہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پیکا قانون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر چیک نہ ہونے سے تشدد پر اکسانے سمیت سنگین سماجی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیک نیتی سے پیکا ایکٹ کی قانون سازی کی ہے۔ اگر کمیٹی مناسب سمجھتی ہے تو صحافتی تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حوالے سے اجلاس بلائے۔ قائمہ کمیٹی نے میڈیا قوانین سے متعلق خدشات دور کرنے کے لئے سٹیک ہولڈرز بشمول پریس کلبوں سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آئندہ ہفتے فالو اپ میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین اور میڈیا کے سٹیک ہولڈرز اس مسئلے کا جامع حل وضع کرنے کے لئے شامل ہوں گے۔ اجلاس کے دوران وزارت اطلاعات و نشریات کے رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو اور پی ٹی وی کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے، دیہی علاقوں میں سرکاری میڈیا نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلئے اضافی بجٹ کی ضرورت ہے، اس بجٹ سے موجودہ الیکٹرانک آلات کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے 14 ماہرین پر مشتمل تھینک ٹینک کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اس اقدام کے لئے مختص کردہ کل بجٹ 204 ملین روپے تھا۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی ٹی وی میں اندرونی مسائل کو حل کرنے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے
11