اسلام آباد(حبدار نیوز )سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے ایک اور سنگ میل طے، آذبائیجان – پاکستان چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام، اسلام آباد میں افتتاح کر دیا گیا ،وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ،دونوں ممالک کے مشترکہ چیمبر آف کامرس سے سرمایہ کاری کے امور ایک ہی جگہ طے ہو سکیں گے اوردونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔بدھ کو اسلام آباد میں آذبائیجان ، پاکستان چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام عمل میں لا کر اس کا افتتاح کر دیا گیا اس موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کے ہمراہ مہمان خصوصی تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کا دن آذربائیجان اور پاکستان دونوں ممالک کے عوام اور بالخصوص بزنس کمیونٹی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،دونوں ممالک کے مشترکہ چیمبر آف کامرس سے سرمایہ کاری کے امور ایک ہی جگہ طے ہو سکیں گے اوردونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پائیدار ترقی کا انحصار اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون پر ہے،لا محدود مواقع ہمارا انتظار کر رہے ہیں اور تجارت اور جدت کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال میں تین مرتبہ باکو کا دورہ کر چکے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور آذربائیجان کا تعلق دونوں ممالک کے عوام کے دلوں سے منسلک ہے اور مشترکہ تہذیب اور باہمی تعلقات میں گرمجوشی پاکستان اور آذربائیجان کا خاصہ ہے اسی لیے آزمائش کی ہر گھڑی میں دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کی بزنس کمیونٹی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم ہوگا اور اسی طرح پاکستانی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے لئے بھی مشترکہ اقدامات ہوں گے جس کیلئے یہ چیمبر کلیدی کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور ان کی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں اس دوطرفہ تعلق میں مزید مضبوطی ہوگی۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان آذربائیجان کے لئے گہرے برادرانہ جذبات رکھتے ہیں، دونوں ممالک دو طرفہ تعاون میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور انشا اللہ اس چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے موجودہ دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور کاروباری حجم میں مزید اضافہ کریں گے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہاکہ پاکستان ای سی او کا ممبر ہے اور میں ای سی او بزنس فورم کے صدر کی حیثیت سے دونوں ممالک کے درمیان اور سنٹرل ایشیاکے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے کئے بھر پور کوشش کروں گا ۔ آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں اس چیمبر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی وسط ایشیائی ریاستوں میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرائے گی،اسی طرح سینٹرل ایشیا کے بزنس گروپس کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام عبدالعلیم خان اور آذربائیجان کے سفیرکی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہونگے اور باہمی تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور آذربائیجان کی تاجر برداری کیلیے بہت اہم ہے ،ہم کافی عرصے سے اس مشترکہ چیمبر کے قیام کے لیے کوشاں تھے اور اسکو عملی جامعہ پہنناے میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور آذربائیجان کے سفیر کا کردار قابل تعریف ہے ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام بالخصوص تاجر برداری ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں اور ہم اس کاوش پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔پاکستان، آذربائیجان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کیک بھی کاٹا اور آذربائیجان کے سفیر اور دیگر شرکا کو مبارکباد دی۔تقریب میں سفارتی کور کے ڈین اور ترکمستان کے سفیر عطاجان موبلا موف ،قازقستان کے سفیر یرزم کرسٹا فیل ،کرغستان کے سفیر آواز بیگ ،عطا خانوف ،ترک قبرص کے سفیر میڈم دلشاد سورال ، وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل اعزاز خان ،ناصر قریشی ،عبدالرحمان صدیقی ،ناصر چوہدری ، ثمینہ فاضل ،اویس ستی ،جواد حسین کا ظمی ،ذوالفقار علی خان ،نور سحمد خان ،سعیدہ بانو ،،طارق صادق ،عبدالروف عالم ،جوہر علی راکی ،خالد جاوید ،خالد ملک ،اعجاز عباسی ،چوہدری مسعود ،کریم عزیز ملک ،طارق جدون سمیت بزنس کمیونٹی کی متعدد اہم شخصیا ت موجود تھیں۔
