اسلام آباد۔23مارچ ( ندیم گلزار کھوکھر ):پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریو نے یوم پاکستان کی 85ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ۔اتوار کو یہاں جاری کردہ مبارکبادی پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔روسی سفیر نے کہا کہ اس سال پاکستان قرارداد لاہور کی منظوری کی 85 ویں سالگرہ منا رہا ہے جس نے برصغیر میں ایک منفرد آزاد اسلامی جمہوریہ کے قیام کے لیے چارٹر بنایا۔انہوں نے کہا کہ لاتعداد مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم اپنے روایتی اقدار کو برقرار رکھنے ،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے بتائے ہوئے اصولوں پر قائم رہنے میں کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ روس نے ہمیشہ پاکستان کی مہمان نوازی، قدرتی حسن اور بھرپور ثقافتی ورثے کو سراہا ہے۔پاکستان میں زندگی کے تمام شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ملک کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے محنتی اور کھلے دل والے لوگ ہیں۔ جیسا کہ ایک پاکستانی کہاوت ہے کہ محنت کامیابی کی کنجی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خوشی کے موقع پرمیں ہر پاکستانی کی اچھی صحت، خوشحالی اور خوشی کی خواہش کرتا ہوں، آپ کا خوبصورت ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرے۔
11