اسلام آباد:24 مارچ ( ندیم گلزار کھوکھر )
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پیر کو وزارتِ پٹرولیم میں اٹلی کی سفیر محترمہ ماریلینا آرمیلن نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تیل اور گیس سمیت توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور اٹلی نے توانائی کی تلاش، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانے پر مفصل گفتگو کی۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اطالوی وفد کا خیرمقدم کیا اور توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں اٹلی کی مہارت کو سراہا اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے پرامیدی کا اظہار کیا۔ علی پرویز ملک نے اطالوی توانائی کمپنیوں کو آئندہ ماہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF’25) میں شرکت کی دعوت دی۔
اطالوی سفیر نے پاکستان کے توانائی شعبے کو سپورٹ فراہم کرنے میں اٹلی کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے توانائی کی پیداوار میں جدت اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے مضبوط شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے اپنے ممالک کے توانائی شعبوں کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭٭٭
15