اسلام آباد( آفاق ندیم کھوکھر )
پاک آسٹریلیا بزنس کونسل کے وفد کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ،صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے نائب صدر طارق جدون، چیئرمین کوارڈنیشن ملک سہیل حسین کے ہمراہ مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ وفد میں سابق اسسٹنٹ صدر قانون ساز کونسل شوکت مسلمانی،پاک آسٹریلیا بزنس کونسل کے صدر افتخار رانا اور اورنگزیب رانا سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر فیڈریشن عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کاروبار و سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،ایف پی سی سی آئی پاکستان میں بزنس کمیونٹی کی ایپکس باڈی ہے یہ ادارہ دہائیوں سے بزنس کمیونٹی کی فلاح کیلئے کوشاں ہے آسٹریلیا پاکستانی حلال گوشت کی اہم مارکیٹ ہے،آسٹریلین کمپنیاں پاکستان سے حلال گوشت کی برآمد میں تعاون کرسکتی ہیں۔پراپرٹی ڈویلپمنٹ، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں،فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔سابق اسسٹنٹ صدر قانون ساز کونسل آسٹریلیا شوکت مسلمانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں ہونے والی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے،آسٹریلیا عظیم ملک ہے اور تمام دنیا کے لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہے،آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بہت مہربان ہے،آسٹریلیا میں موجود پاکستانی کمیونٹی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔پاک آسٹریلیا بزنس کونسل کے صدر افتخار رانا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ملاقات میں سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر احمد ملک،سابق نائب صدر اعجاز عباسی،شیخ پرویز،سابق چیئرمین آباد عارف جیواسمیت بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔
