اسلام آباد۔24فروری (حبدار نیوز ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کئے گئے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 10 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی تحسین کرتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لئے ان کے اقدامات لائقِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خوارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور پوری قوم اس مشن میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
11