60

وزیر جنگلات سبطین خان کا مری کے جنگلات میں درختوں کی کٹائی معاملے کا نوٹس

صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے مری کے جنگلات میں درختوں کی کٹائی کا نوٹس لے لیا۔ مقامی شہری کی شکایت اور نشاندہی پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر جنگلات نے سیکرٹری جنگلات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سبطین خان نے سیکرٹری جنگلات کو شفاف انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام کرداروں کے خلاف فاریسٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ سبطین خان نے ذمہ دار افسران کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنانے کا عندیہ دیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات کو غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے تین روز تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر جنگلات نے جنگلات کے اثاثہ جات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لکڑی چوری جیسے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ انکوائری میں جو بھی افسر ٹمبر مافیا کی سرپرستی کرتے ہوئے پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کے مقامی شہری نے وزیر جنگلات سبطین خان کو مری کے جنگلات سے تقریباً 44 ہزار روپے مالیت کے 38 درختوں کی کٹائی اور لکڑی چوری کی شکایات کی تھیں جس پر وزیر جنگلات نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے ڈیوٹی عملہ کے خلاف شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ مذکورہ افسران کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے، تاہم وزیر جنگلات نے تین دنوں میں انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں