میں ایسٹر کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ایسٹر تجدیداور امید کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں ایمان کی عظمت اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات کی یاد دلاتا ہے، جو اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ پیغمبروں میں سے ایک ہیں۔ ان کا پیغام—رحمت، انکساری اور محبت—آج بھی انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہ موقع ہمیں ایثار، درگزر اور امن جیسی آفاقی اقدار، جو تمام مذاہب میں یکساں ہیں، کو اپنانے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتا ہے. یہ اقدار ثقافتوں اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کا سبب بنتی ہیں۔ اس موقع پر، میں پاکستان کی قومی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے مثبت اور نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کی محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ وہ ایک پرامن، خوشحال اور متحد پاکستان کی تشکیل میں اپنا فعال کردار جاری رکھیں گے۔
آج جب دنیا مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا کر رہی ہے، ایسٹر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ باہمی رواداری، انسانی وقار کا احترام اور پائیدار امن کا قیام ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
