اسلام آباد۔19مارچ (ندیم گلزار کھوکھر ):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے 2025 کی شجرکاری مہم کا آغازکردیاہے،شجرکاری مہم کے دوران چاروں صوبوں ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں ، پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ لیں۔ بدھ کو یہاں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغازکیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں والے ماہ مقدس رمضان المبارک میں 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریباً 4 کروڑ 17لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں بہت مدد دیتے ہیں۔شجرکاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ پچھلے چند سالوں کے دوران ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شجر کاری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ دنیامیں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ 2022 کاشدید ترین سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہی آیا اور اس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ بدقسمتی سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے۔ حالانکہ گرین ہائوس گیسزکے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں ۔ہمیں رمضان المبارک کی برکات سمیٹنی چاہیے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کرنی چاہیے ۔انشا اللہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق موسم بہار2025 کی شجرکاری مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار، سندھ میں ایک کروڑ ، خیبر پختونخوا میں 26لاکھ 33 ہزار ، بلوچستان میں 20 لاکھ 62 ہزار ، آزاد کشمیر ایک کروڑ ایک لاکھ 47 ہزا ر اور گلگت بلتستان میں 40 لاکھ پودے لگانے کاہدف مقرر کیاگیا ہے۔2024 کی موسم برسات کی شجرکاری مہم کے دوران 4کروڑ 5 لاکھ 26 ہزار پودے لگائے گئے تھے۔ 2024 سے2028 کے گرین پاکستان کے پی سی ون پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت 945 ملین نئے پودے لگانےکے ساتھ ساتھ 2221 ملین موجودہ پودوں کی دیکھ بھال کے کام کو بہتر بنایا جائےگا اور جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ 2019 سے 2025 کے گرین پاکستان پروگرام کے دوران 720.916 ہیکٹر رقبے پر پودے لگائے گئے ہیں۔ رواں سیزن کی شجر کاری مہم کے دوران کیکر ، شیشم ، سکھ چین، پھلائی، چیڑ ، کیل، دیودار، پیپل، نیم بری، جامن، املی ، چلغوزہ، املتاس جیسے مفید پودے لگائے جاسکتے ہیں
10