13

نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ پر یوم پاکستان پر قومی پرچم لہرایا گیا، قونصل جنرل نے قائدکے نصب العین پر عمل پرزور دیا

نیو یارک۔24مارچ ( بیو رو چیف ):نیویارک میں پاکستان ہاؤس میں یوم پاکستان پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں ”اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط“ پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نیویارک اور اس کے گردونواح میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی متحرک قیادت میں اپنی ایک آزاد ریاست کے قیام کا عزم کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور قونصل جنرل نے سبز پرچم بلند کیا اور اس دوران قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ڈپٹی قونصل جنرل عمر شیخ نے تقریب کی نظامت کی جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نڑاد امریکیوں کے ساتھ ساتھ قونصلیٹ کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ اپنے ریمارکس میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے لیے اتحاد، عزم اور مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔ قونصل جنرل نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ (اے پی اے جی) اور اس کے صدر علی راشد کی نیویارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے 23 مارچ کو”پاکستان-امریکن ہیریٹیج ڈے“اور 19 مارچ کو ”بزنس ڈے“ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے حال ہی میں دو قراردادوں کو منظور کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ یہ قراردادیں کمیونٹی کے لئے ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہیں اور ریاست نیویارک کے ثقافتی اور اقتصادی ڈھانچے میں پاکستانی نڑاد امریکیوں کے تعاون کے بڑھتے ہوئے اعتراف کا ثبوت ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی گلوکار پرائیڈ آف پرفارمنس امجد حسین کے قومی گیت نے حاضرین میں حب الوطنی کے جذبات کو ابھارا۔ اس تقریب نے پاکستانی قوم کے اتحاد، لچک اور امنگوں کی یاد دہانی کے طور پر کام کیا اور بیرون ملک پاکستانی اقدار، ثقافت اور مثبت امیج کو پیش کرنے میں پاکستانی شخصیات کے اہم کردار کو تقویت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں