10

میلوڈی مارکیٹ اسلام آباد کی جدید اور ماڈل مارکیٹ بننے جا رہی ہے، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ظفر بختاوری

اسلام آباد ( حبدار نیوز )سیکرٹری جنرل یو بی جی (ایف پی سی سی آئی) ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ میلوڈی مارکیٹ اسلام آباد کی جدید اور ماڈل مارکیٹ بننے جا رہی ہے، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ شہر کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے, میلوڈی مارکیٹ کی ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اسلام آباد کی کاروباری برادری اور مارکیٹ کے تاجروں کا بھرپور تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال کی دعوت پر مارکیٹ کے دورے کے دوران کیا۔ ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سسٹر سٹیز ہیں اور اس تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئےآذربائیجان کی حکومت میلوڈی مارکیٹ کی اپ گریڈیشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ آذربائیجان کے تعاون سے مارکیٹ کی اپ لفٹنگ کا کام جاری ہے، تاہم مارکیٹ کے تاجروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے اندرونی انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں اور شاپنگ کلچر میں جدت لائیں، تاکہ خریداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور مارکیٹ میں کسٹمرز کی آمدورفت میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ کے ترقیاتی کام کی تکمیل اپریل 2025 تک متوقع ہے اور اس حوالے سے ایک شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی بھرپور توجہ اور کاوشوں کی بدولت ترقیاتی کام تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، اور شہر کی ایک اہم مارکیٹ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ میلوڈی مارکیٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے تعاون سے مارکیٹ کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں اور ہم سی ڈی اے کے چیئرمین کے شکر گزار ہیں کہ وہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ اظہر اقبال نے مطالبہ کیا کہ میلوڈی مارکیٹ میں فوڈ سٹریٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے، نئے سرے سے آرگنائز کیا جائے، اور مزید جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں پارکنگ ایریاز بنائے جائیں، پانی، سیوریج، اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی مزید بہتر کیا جائے تاکہ خریداروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن روحیل انور بٹ، ملک محسن خالد، خالد چوہدری، بابر چوہدری، نثار مرزا، جنرل سیکرٹری میلوڈی مارکیٹ جمیل قریشی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کے عمل کو سراہا اور اس کے جلد از جلد مکمل ہونے کی امید ظاہر کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں