موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے ہلالِ احمر کے اقدامات قابل ِ ستائش ہیں، رومینہ خورشید عالم
ِ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں میں ہلالِ احمر کے ساتھ تعاون کرے، فرزانہ نائیک
اسلام آباد(سٹی رپورٹر) ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام ((Uniting for ClimateActionکے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ قدرتی آفات وسانحات کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے اقدامات قابل ِ ستائش ہیں۔ ہلالِ احمرپاکستان موومنٹ پارٹنرز کے ساتھ وزارات موسمیاتی تبدیلی کا اشتراک بہتر نتائج کا حامل ہوگا۔ ہلالِ احمر پاکستان کی نئی قیادت کی حکمت عملی قابل ِ رشک ہے۔ سُرخ جیکٹ متاثرہ لوگوں کیلئے اُمید کی کرن ہے۔ ہلالِ احمر کے رضاکاروہ ورک فورس ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ اِس موقع پر چیئرپرسن ہلالِ احمر محترمہ فرزانہ نائیک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں مشترکہ اقدامات اُٹھانے ہوں گے یہ ایک علاقائی نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک ہے۔ جرمن ریڈ کراس اور ہلالِ احمر پاکستان کا اشتراک موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کیلئے ہمہ وقت مفید ثابت ہوا ہے۔ حکومت کے اقدامات کو ہلالِ احمر پاکستان تقویت بخشے گا۔ وزارات ِ موسمیاتی تبدیلی کلائمیٹ سے متعلق منصوبوں میں ہلالِ احمر کے ساتھ تعاون کرے، نیشنل کلائمیٹ پلان کا حصہ بناتے ہوئے پاکستان کلائمیٹ چینج کونسل میں ہلالِ احمر کو نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے جاری کردہ فنڈز میں سے ہلالِ احمر پاکستان کوبھی حصہ ملنا چاہیے۔رومینہ خورشید عالم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے باکو میں منعقدہ ”کوپ 29“فرسٹ کلائمیٹ فنانسنگ ویژن پیش کیا۔موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف ہلالِ احمر پاکستان کی آگاہی مہم نتیجہ خیز رہی ہے۔تقریب میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس، جرمن ریڈکراس، ترکیہ ریڈکریسنٹ کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے لان میں پودا لگایا، مہمانوں کیلئے رکھی کتاب میں تاثرات میں قلمبند کیے۔ ہلالِ احمر کی جانب سے انہیں ریڈجیکٹ پہنائی گئی اور سٹار بیج لگایا گیا۔ رومینہ خورشید عالم نے ہلالِ احمر کے رضاکار کی حیثیت سے کام کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔تقریب میں اُن سات طلبہ و طالبات کو 2000 CHFمالیت کے چیک بھی دیئے گئے جنہوں نے سلفرینو اکیڈمی جنیوا کی جانب سے آئی ایف آر سی Limitless گرانٹ 2024ء کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق مختلف مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ہلال ِاحمر کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔