مسلم لیگ (ن)کے قائدین وکارکنان کی جمہوریت کے استحکام کیلئے لازوال قربانیاں، ورکروں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، پارٹی کے فوت شدگان ورکرز کو بھلایا نہیں جا سکتا ، عطا اللہ تارڑ
لاہور۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے قائدین وکارکنان نے جمہوریت کے استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دیں، دیرینہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں، ورکروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، پارٹی کے فوت شدگان ورکرز کو بھلایا نہیں جا سکتا ،ماضی کی حکومت میں (ن) لیگی قیادت نے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں مسلم لیگ (ن )کے فوت شدگان کارکنان کیلئے دعائیہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق،رکن قومی اسمبلی کرن ڈار، رکن پنجاب اسمبلی میاں عمران جاوید ، صدر مسلم لیگ (ن)لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری لاہور سید توصیف شاہ ،چیئرمین واسا چوہدری شہباز ،سابق ایم پی اے ماجد ظہور، سابق ایم این اے مہر اشتیاق اور سید حشمت شاہ مہر اشتیاق سمیت ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائدین وکارکنوں نے جمہوریت کے استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دیں ، جنہیں کسی فراموش نہیں کیا جاسکتا، ماضی کی ایک نااہل کی حکومت میں مسلم لیگ (ن)نے مشکل دور دیکھا،عدالتوں، کچہریوں اور تھانوں میں پارٹی قائدین و کارکنان موجود رہتے تھے ، اگر اس مشکل وقت میں پارٹی کارکنان آواز نہ اٹھاتے تو خزاں کے بعد بہار نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف، شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی گرفتاری سب کے سامنے ہے، ہمارے لیڈران کو جب پیش کیا جاتا تو لائوڈ سپیکروں پر ہوٹر بجائے جاتے تاکہ کوئی میڈیا سے بات نہ کرلے اور اپنی بے گناہی کا عوام کے سامنے اظہار نہ کر سکے اور انہیں نہ بتا سکے کہ جو کچھ ان کے ساتھ سلوک کیا جا رہا ہے وہ پی ٹی آ ئی حکومت کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف اور ان کے پورے خاندان نے جو سختیاں جھیلیں اور غم برداشت کئے وہ ناقابل بیان ہیں ،یہ ایسی قربانی ہے جس کی ہمیشہ خلش رہے گی، والد کی آنکھوں کے سامنے بیٹی کو ہتھکڑی لگانا اور والد کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر اقتدار سے الگ کرنا قابل افسوس واقعات ہیں ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ دنیا مکافات عمل ہے ،وہ لوگ جو دوسروں کو چور اور ڈاکو کہتے تھے اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے ، آج وہ خود چوری اور کرپشن کے مقدمات میں جیلوں میں بند ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی جب وفات ہوئی تو مجھے یاد ہے کیسے جیل میں اطلاع دینے گئے تھے، وہ وقت یاد رہے گا کہ آخری لمحات میںکلثوم نواز کے ساتھ محمد نواز شریف کا وقت گذر جاتا۔انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہوں کارکنان کی وجہ سے ہوں،جو کارکنان دنیا سے چلے گئے ہیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غم کی اس گھڑی میں پارٹی کے فوت شد گان کارکنان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں،پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کیلئے ایسے کارڈ کا اجراہونا چاہئے جس میں پتہ ہو کہ کون سا ورکر کس وقت آیا، مشکل دور میں پارٹی کیلئے قربانیاں دینے اور ساتھ کھڑا رہنے والے ورکرز کا نام مجاد دور رکھا جانا چاہئے، مسلم لیگ( ن)کے کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، کارکنان پارٹی کی وہ مضبوط طاقت ہوتے ہیں جو پارٹی پر مشکل وقت آنے پر مخالفین کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ کارکنان کی آرگنائزنگ کمیٹی بنائی جائے اور کارکن ہی اس کا سربراہ ہو،آرگنائزنگ کمیٹی مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز لے کر آئے، اس آرگنائزنگ کمیٹی میں کوئی ایم این اے، ایم پی اے اور عہدیدار نہ ہو اس میں صرف کارکنان شامل ہوں، آرگنائزنگ کمیٹی کی تجاویز پر عمل درآمد کریں گے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفات پا جانے والے کارکنان کی پارٹی کیلئے بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،چوہدری عتیق اور گڈو شاہ دنیا سے چلے گئے ہیں، انہوں نے دن رات پارٹی کی مضبوطی کیلئے خدمت سر انجام دیں،دنیا سے چلے جانے والے پارٹی کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گڈو (ن)لیگ کا دیرینہ کارکن تھے