10

عوام نے8 فروری 2024 کوعام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کیا ،احسن اقبال

عوام نے8 فروری 2024 کوعام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کیا ،احسن اقبال

ناروال۔8فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ8 فروری 2024 کوعام انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کیا اور ان اندھیروں کو رخصت کیا، 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چرایا، آر ٹی ایس سسٹم کو بند کر کے رات کے اندھیرے میں الیکشن پر شب خون مارا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان کی ترقی کا سفر رک گیا، جو نواز شریف کی قیادت میں سی پیک، موٹرویز، بجلی کے منصوبوں اور دیگر میگا پروجیکٹس کے ذریعے عروج پر تھا۔مانک میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے 2018 میں عوام کو خبردار کیا تھا کہ پاکستان جیسے 24 کروڑ آبادی والے ایٹمی ملک کو کوئی اناڑی نہیں چلا سکتا، مگر سازشوں کے تحت نااہل حکومت کو مسلط کر دیا گیا، جس نے ملکی معیشت کو برباد کر دیا اور ترقیاتی منصوبے روک دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا لیکن 2018 کے بعد معیشت تباہی کی طرف چلی گئی، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور ترقیاتی منصوبے رک گئے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی منصوبے نظر آ رہے ہیں، ان سب پر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی مہر لگی ہوئی ہے، چاہے وہ موٹرویز ہوں، توانائی کے منصوبے ہوں یا سی پیک۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں ایک بھی ایسا منصوبہ مکمل نہیں کیا جس کا عوام کو فائدہ ہو۔احسن اقبال نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست ایک ایسے ڈرامے کی مانند ہے جسے دیکھ کر عوام کبھی ہنستے ہیں اور کبھی روتے ہیں لیکن عملی میدان میں ان کی کارکردگی صفر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ اور پروپیگنڈہ پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا اور عوام کو صرف گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں، انہوں نے 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ منتخب کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔جلسے کے دوران مسلم لیگ (ن) کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ عوام کا جوش و خروش دیکھ کر احسن اقبال نے کہا کہ یہ محبت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں