سلام آباد سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی ائی و سیکرٹری جنرل یو بی جی سندھ حنیف گوہر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اس وقت مشکل حالات سے گزر رہی ہے،تجارتی اور صنعتی ترقی کے بغیر ملکی معیشت کا استحکام ممکن نہیں، حکومت کاروباری برادری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے، بزنس میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جائے،کراچی سے اپنے علاقے کی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہوں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل یو بی جی (ایف پی سی سی آئی) ظفر بختاوری،سابق صدر و چیف کوآرڈینیٹر چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خواجہ عارف یوسف،صدر تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک شبیر اعوان، ایگزیکٹو ممبر ایف پی سی سی ائی کرنل (ر)صادق سلطان اور دیگر ان کے ہمراہ تھے،وفد نے چیمبر کے عہدیداران اور کاروباری برادری سے ملاقات کی، مانسہرہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ممتاز احمد شاہ اور دیگر عہدیداران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور کاروباری برادری کے مسائل، تجارتی ترقی اور صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا، اپنے خطاب میں حنیف گوہر نے کہا کہ اپنے علاقے کی پسماندگی،طبی سہولتوں اور روزگار کی کمی دیکھ کر ہسپتال اور ہنر فاؤنڈیشن کا ادارہ بنایا،سی پیک پر انڈس ہسپتال کیلئے زمین دی ہے،خیبر پختونخوا کیلئے وہاں 200بیڈز کا ہسپتال بنے گا،مانسہرہ کی کاروباری برادری کے مالی و دیگر تمام مسائل کے حل کیلئے میں ہمیشہ حاضر ہوں، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری اسلام آباد میں آپ کا کوئی بھی ایشو حل کرانے کیلئے موجود ہیں،اب یہ رابطہ مسلسل رہے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ حنیف گوہر کراچی کا فخر اور مانسہرہ کی پہچان ہیں،اپنی مادر وطن سے محبت انہیں یہاں واپس کھینچ لائی ہے،یہ علاقے کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں،مانسہر ہ کی کاروباری برادری ان کے تجربے سے فائد ہ اٹھائے،یو بی جی ہمیشہ تاجروں کے حقوق کی ترجمانی کرتا آیا ہے،سرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم تنویر کی کاوشوں سے بجلی کی قیمتیں آدھی ہونیوالی ہیں،آئی پی پیز کا مسئلہ بھی انہوں نے زور وشور سے اٹھایا،شرح سود میں بھی کمی آرہی ہے،رئیل سٹیٹ پر بھی کام جاری ہے،ملکی معیشت میں انقلاب آنیوالا ہے،بہتر،خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے سب مل کر کاوشیں کریں، انہوں نے مانسہرہ کی کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ یو بی جی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گا،سید ممتاز احمد شاہ نے ظفر بختاوری، حنیف گوہر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا دورہ مانسہرہ کی کاروباری برادری کے لیے حوصلہ افزا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مقامی صنعتوں کو مزید سہولتیں فراہم کرے تاکہ یہ خطہ بھی تجارتی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے،انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کے تاجر محنتی اور دیانت دار ہیں لیکن انہیں حکومتی سطح پر سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے، ہمیں امید ہے کہ یو بی جی کی قیادت ہمارے مسائل کو وفاقی سطح پر اجاگر کرے گی اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ،خواجہ عارف نے کہا کہ تاجر برادری کی مشکلات کم کرنے کے لئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے ہوں گے ۔
