اسلام آباد۔13مارچ
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ افغان شہری کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے افراد کو31 مارچ تک پاکستان چھوڑ دینا چاہیے، اس کے بعد وہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تصور کیے جائیں گے۔ جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ درست سفری دستاویزات کے ساتھ کسی بھی افغان باشندے کا ویزہ کے مطابق پاکستان آنے اور قیام کا خیرمقدم ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ افغان شہری کارڈ کے حامل افراد کو 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ اس کے بعد وہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تصور کیے جائیں گے اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ چینی وزیر اعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی سوشل میڈیا رپورٹس کے بارے میں ترجمان نے اسے ”فیک نیوز“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی وزیر اعظم نے گزشتہ سال پاکستان کا بہت اچھا اور کامیاب دورہ کیا تھا۔