لاہور۔9فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، حکومتی کوششوں سے دنیا بھر کےکھیلوں کے میدانوں میں اب پاکستانی پرچم لہراتا نظر آ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خواجہ جنید ، جاوید میمن، پرویز سندھیلا سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مناسب ماحول اور سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، ملک میں کامن ویلتھ یوتھ ایشیا الائنس کے کامیاب انعقاد سے ہم نے اپنے نوجوانوں کے لیے 56 ممالک کے دروازے کھول دئیے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کھلاڑیوں کی سلیکشن میں میرٹ کو مدنظر رکھا جا رہا ہے ،لوگ کہتے تھے ملک میں اب ہاکی کے کھیل کی بحالی بڑی مشکل ہے لیکن اللہ تعالی کے فضل سے آج ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے، آج اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ٹرائلز کیلئے لیے ملک بھر سے 2500 کے قریب نوجوانوں نے شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کی عالمی معیار کی ٹریننگ کے لیے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے، ہاکی کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے ہالینڈ اور جرمنی کے ٹاپ کے کلبز کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں ، جلد ملک میں ماہرین کی زیر سرپرستی ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ ان ٹرائلز کے بعد جو ٹیم سلیکٹ ہو گی ان کے مقابلے بین الاقوامی کھلاڑیوں سے کروائیں گے تاکہ یہ تجربہ کار کھلاڑی بن کر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بحالی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لیے جو تعاون درکار ہوگا فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) جب بھی اقتدار میں آئی ملک میں عوامی منصوبوں کے جال بچھائے ،گزشتہ دنوں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ، جس کی افتتاحی تقریب 170 ممالک میں دیکھی گئی ، جس سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں اجاگر ہوا ، ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھلیوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے بھرپور مواقع فراہم کر رہے ہیں ۔ بھارت کی طرف سے پاکستان میں میچز کھیلے سے انکار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے کھیلنے سے ڈرتا ہے ، ہار بھارت کا مقدر ہے،وہ وقت دور نہیں جب بھارت پاکستان سے کھیلنے کے لیے خود مجبور ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں رانا مشہود احمدنے کہا کہ الحمداللہ پاکستان سے مثبت خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں،ملکی معیشت بہتری کی جانب جارہی ہے،سٹاک ایکسچینج نے 95ہزار پوائنٹس کا ریکارڈ قائم کیا ہے،مہنگائی میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہواہے،غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ پاکستان آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں ہم نے ترقی کرنی ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
11