اسلام آباد(سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام افواج پاکستان کو بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ کے سینئیر نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کی۔ تقریب میں بری، بحری اور فضائی افواج کے ریٹائرڈ سینئیر افسران، سیاستدانوں، تاجروں اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے چوہدری سالک حسین ، کنور دلشاد، وائس ایڈمرل نیوی ریٹائرڈ احمد تسنیم، ائیر وائس مارشل ریٹائرڈ سرفراز خان، ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر میجر جنرل جاوید اسلم، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنما چوہدری یاسین، شاعرہ افشاں ملک، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان اور ڈاکٹر محمد امجد نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں تینوں افواج خصوصاً پاکستان ائیر فورس کے جانبازوں کو چار گھنٹے سے کم وقت میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو بدترین شکست کا مزا چکھانے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان امرصوص کی کامیابی کے پیچھے اللہ کی مدد، افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کا اتحاد تھا۔ جنگی سامان چاہے جس ملک کا بھی ہو جنگ جیتنے کے لئے ایمان کی طاقت اور بہترین جنگی حکمت عملی ہوتی ہے۔ بھارت ان دونوں خصوصیات سے محروم جبکہ ہماری افواج ان سے مالا مال ہیں۔ جنگ سے نقصان بھی ہوتا ہے مگر ہمیں یہ فائدہ ہوا کہ ہم متحد ہو گئے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاندار تدبر اور حکمت عملی اپناتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ مسلم برادری اور دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔ بھارت ہمارے معاملے میں غلط فہمی کا شکار تھا۔ افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا تو بھارت نے امریکہ سے سیز فائر کی بھیک مانگی۔ یہ ایک منفرد جنگ تھی جس کے نتائج نے دنیا کو حیران کر دیا۔ ہر لحاظ سے اپنے سے کئی گنا بڑے بھارت کو شکست دینا ایک معجزہ ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی ترجیح امن رہا ہے مگر تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی، اسے پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی حکمت عملی کے تحت دندان شکن جواب دیا گیا ۔ اس تقریب کے انتظامات پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد ، مہرین ملک آدم، انیلہ چوہدری، ڈاکٹر رحیم اعوان، غلام مصطفیٰ ملک، عاطف مغل ، رضوان صادق خان ، چوہدری جہانگیر اور دیگر نے کیا۔
