اسلام آباد (کا مرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کے لیے انتہائی ضروری ریلیف قرار دیا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری کے ساتھ حکومت کے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 7.41 روپے فی یونٹ اور صنعتی صارفین کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ کمی کے اقدام کو سراہا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ قدم نہ صرف عوام پر مالی دباؤ کو کم کرے گا بلکہ پیداواری لاگت کو کم کرکے صنعتوں کو نمایاں فروغ بھی فراہم کرے گا۔در ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ”یہ فیصلہ ایک خوش آئند قدم ہے کیونکہ بجلی کی بلند قیمتیں طویل عرصے سے کاروباروں بالخصوص صنعتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے ۔سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مقامی صنعتوں کی مسابقت میں اضافہ ہوگا، برآمدات کو فروغ ملے گا اور مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔آئی سی سی آئی کی قیادت نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ کاروباری دوستانہ پالیسیاں متعارف کروانا جاری رکھے جو اقتصادی توسیع اور پائیداری میں معاون ہوں۔ انہوں نے ملک میں پیشرفت اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پالیسی سازوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ICCI کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے ۔
