28

اسلام آباد ,یوناائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کے عشائیہ میں ملک عاشق اعوان،امین اللہ بیگ نذیرالرحمن عثمانی لیاقت نون حسن اقبال گردیزی رائو فیصل، ضیاء الحق عباسی، حبیب اورکزئی، ہ راجہ نظیم فیاض حیدر ملک اور اسرار الحق مشوانی شریک

اسلام آباد (کامرس رپورٹر ) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنی رہائشگاہ پر عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں اسلام آباد اور گلگت بلتستان ریجن کی ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نجی شعبے کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور موجودہ عالمی حالات کا براہ راست اثر پاکستان کی معیشت پر پڑ رہا ہے۔ ایسے میں اسلام آباد ریجن اور گلگت بلتستان جیسے علاقوں کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوبی جی ملک بھر کے تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے قومی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر ممتاز کاروباری شخصیت ملک عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے ظفر بختاوری کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈائیلاگ کاروباری طبقے میں یکجہتی پیدا کرتے ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر اور ہنزہ چیمبر کے سابق صدر امین اللہ بیگ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے اور اگر حکومتی سرپرستی میں وہاں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جائیں تو یہ پورے پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کی معروف کاروباری شخصیت نذیرالرحمن عثمانی نے کہا کہ سیاحت، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں گلگت بلتستان کے اندر بے پناہ مواقع موجود ہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان مواقع کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ اسلام اباد کی اہم کاروباری شخصیت لیاقت نون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھلنا ہوگا اور نوجوان نسل کو بزنس میں آگے لانے کیلئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ حسن اقبال گردیزی نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ترقی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ رائو فیصل، ضیاء الحق عباسی، ہیومن رائٹس کمیشن کے حبیب اورکزئی، ہنزہ کی ممتاز شخصیت راجہ نظیم، تلہ گنگ چیمبر کے فیاض حیدر ملک اور اسرار الحق مشوانی نے بھی مختلف تجاویز پیش کیں اور ظفر بختاوری کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں عشائیہ کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایسے ڈائیلاگ تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئیں تاکہ تمام ریجنز کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں