12

استحکام کے حصول کے بعد پاکستان کی معیشت ترقی کے سفر پر گامزن ہے ، پاکستان کو مضبوط اور اقوام عالم میں عظیم ملک بنائیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف کا ”یوم تعمیر و ترقی” کی تقریب سے خطاب

استحکام کے حصول کے بعد پاکستان کی معیشت ترقی کے سفر پر گامزن ہے ، پاکستان کو مضبوط اور اقوام عالم میں عظیم ملک بنائیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف کا ”یوم تعمیر و ترقی” کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی ایک سال کی شبانہ روز محنت سے قومی معیشت استحکام حاصل کر چکی ہے اور ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، پاکستان کا ایک سال میں اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کو مضبوط اور اقوام عالم میں عظیم ملک بنائیں گے ۔ ہفتہ کو ”یوم تعمیر و ترقی” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیابی کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے تین سالہ پروگرام کو محفوظ بنانے کے لئے بات چیت کی، جس سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کی وجہ سے قوم کو چیلنجز کا سامنا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے ، پائیدار ترقی اور پیش رفت کی جانب بڑھنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقہ نے مجموعی طور پر 300 ارب روپے ٹیکس ادا کیا جو خصوصی خراج تحسین کے لائق ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنوری 2025 میں افراط زر کی شرح 40 فیصد سے کم کرکے 2.4 فیصد کردی گئی جس کی وجہ سے پالیسی ریٹ میں کمی آئی۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ معیشت کے استحکام کے لئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کریں اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی شمولیت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کو مکمل طور پر شامل کرے گی کیونکہ نجی شعبے سے مشاورت کے بغیر معاشی ترقی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سرحدپار سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قانونی طور پر افغانستان کو چینی برآمد کرکے حکومت نے211 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا، بصورت دیگر یہ قیمتی آمدنی سمگلروں کے ہاتھوں میں چلی جاتی۔ انہوں نے ملک بھر میں سمگلنگ کی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد کے حوالے سے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ حکومت کی نجکاری پالیسی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ہم بڑے پیمانے پر نجکاری کے عمل کی جانب بڑھ رہے ہیں کیونکہ کاروباری سرگرمیوں میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امن، استحکام، اتحاد، خوشحالی اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے جس کے لئے معاشرے کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اپنے پیچھے ایک ایسی وراثت چھوڑنا چاہتے ہیں جو ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ حکومت کا حال ہی میں شروع کیا گیا “اڑان پاکستان” پروگرام کامیاب ہوگا اور اپنے تمام مقررہ اہداف حاصل کرے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے مہنگائی کی شرح کو 40 فیصد سے کم کرکے 2.4 فیصد تک لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مزید برآں پالیسی ریٹ کو کم کرکے 12 فیصد کردیا گیا جس سے حکومت پر قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہوا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات، رائٹ سائزنگ اور پنشن اصلاحات پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت مستقل مزاجی اور پالیسیوں کے تسلسل کے فقدان کی وجہ سے خطے میں پیچھے رہ گئی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت پاکستان پانچ سال میں 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے برآمدات پر مبنی صنعت کو چوبیس گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے برآمدی صنعت کو قومی تعطیلات سے مستثنی قرار دینے کی بھی تجویز پیش کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کی خاطر اپنی سیاست قربان کردی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ملک کی ترقی کے سفر میں ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے۔فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت کی بدولت معیشت بہتر ہو رہی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، متحد ہو کر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے، کاروباری طبقہ حکومت کے معاشی اقدامات کا معترف ہے۔ تقریب سے نیشنل یوتھ کونسل کی اراکین بلقیس وردگ اوراریج یاسین زئی نے حکومت کی نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے اقدامات کی تعریف کی۔ دانش گرلز سکول چشتیاں کی ہونہارفارغ التحصیل طالبہ نورالعین اور دانش سکول سے تعلیم حاصل کرکے یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)سے انجنیئرنگ کرنے والے طالبعلم انجینئر عادل حسین نے بھی خطاب کیا اور شرکا کو اپنی کامیابی کی کہانی سنائی، وزیر اعظم نے دونوں طلبا کی قابلیت کی داد دی اور ان کے سر وں پر دست شفقت بھی رکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں