استحکام پاکستان پارٹی کا نیا تنظیمی ڈھانچہ، پنجاب چار زونز میں تقسیم،نوٹیفکیشن جاری
گل اصغر بگھور، چوہدری ظہیر الدین، میاں فرخ مانیکا اور میاں جنید ذو الفقار نامزد
لاہور۔9فروری: فروری2025
استحکام پاکستان پارٹی نے جنوبی پنجاب کے بعد صوبے کو باقاعدہ چار زون میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مرکزی صدر عبدالعلیم خان نے مغربی اور شمالی پنجاب کے صدور و جنرل سیکرٹری کا تقرر عمل میں لایا ہے،پارٹی سیکریٹریٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایم این اے گل اصغر بگھور آئی پی پی شمالی پنجاب اور سابق صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین مغربی پنجاب کے صدر جبکہ میاں فرخ مانیکا مغربی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور میاں جنید ذو الفقار استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے نائب صدر ہوں گے۔پارٹی صدر عبدالعلیم خان سے نو منتخب عہدیداروں نے ملاقاتیں کیں جہا ں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کو ہر ضلع اور شہر میں منظم کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، ہمیں عوامی خدمت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اور یہ انتہائی اہمیت کا حامل وقت ہے کہ آئی پی پی کی قیادت ہر گھر تک خوشحالی، ترقی اور امن کا پیغام پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست نہیں بلا تفریق عوامی خدمت کرنے کی ضرورت ہے اور استحکام پاکستان پارٹی وفاق اور پنجاب میں ملکی بہتری کے لئے موجودہ حکومت کا ساتھ دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ پارٹی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور ملک کو صحیح معنوں میں معاشی لحاظ سے مضبوط بنا کر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کریں گے۔
صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ایم این اے گل اصغر بگھور، چوہدری ظہیر الدین، میاں فرخ مانیکا اور میاں جنید ذو الفقار نے نوٹیفکیشن وصول کیے اور اُن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں حافظ آباد سے عتیق گھمن، لاہور سے رانا عثمان، گوجرانوالہ سے میاں حمزہ اور رحیم یار خان سے رانا راحیل بھی شامل تھے۔استحکام سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے وفد نے آئی پی ایس ایف کے صدر محمد افضل کی قیادت میں عبدالعلیم خان سے ملاقات کی، اُن کے وفد میں جنرل سیکرٹری محمد سلیم، نائب صدر رانا نعیم اور فنانس سیکرٹری نقاش افضل بھی شامل تھے۔ آئی پی پی پنجاب سیکرٹریٹ میں ہونے والے اس اجلا س میں پارٹی کے مرکزی رہنما رانا نذیر احمد خان، شعیب صدیقی، ملک زمان نصیب، رانا جاوید اقبال، تسکین خاکوانی اور عارف اعوان ایڈووکیٹ شامل تھے جنہوں نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے اور نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات کی وزارت میں شامل کارکردگی پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دی۔