یوم القدس عالم اسلام کے اتحاد، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور صہیونی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ آج کے دن ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان پر ہونے والے اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل ایک غاصب اور دہشت گرد ریاست ہے، جو نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، اور انہیں ان کی اپنی سرزمین پر بےگھر کیا جا رہا ہے۔ یہ ظلم اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ میں عالم اسلام کے رہنماؤں اور اقوام عالم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ امت مسلمہ کو متحد ہو کر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے، کیونکہ فلسطین صرف ایک زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور فلسطینی اپنے حقوق حاصل کریں گے۔ اللہ تعالی امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی عطا فرمائے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد فرمائے۔
