فیصل آباد۔ 02 مارچ (اعجاز عارف سے ):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے اور ہم مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔وہ اتوار کے روز اقبال آڈیٹوریم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرمینارٹی کارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرصوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ،یم پی ایز،وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجودتھے۔ رانا ثنا اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب برابر کے پاکستانی ہیں،اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے لیے بے شمار اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر اہم شعبوں میں بھی ان کی مختلف سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینارٹی کارڈز اقلیتی برادری کے افراد کو شناخت فراہم کرنے میں اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تقریب میں حاضر ہونا آپکے اس احساس کو یقین میں بدلنے کیلئے ہے،آپ کو یہ یقین دلانا ہے کہ ہم سب ایک ہیں پاکستانی ہیں،اقلیتوں اور اکثریت میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ منفی سوچ پھیلاتے ہیں جو ملک کو آگے نہیں بڑھنے دیتے،انتہا پسند آپکے اندر اور ہمارے اندر بھی پائے جاتے ہیں لیکن انکی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو واقعات فیصل آباد میں ہوئے تھے،گوجرہ اور جڑانوالہ میں یہ واقعات ہوئے،چند لوگ تھے جو مسیحی برادری کے گھروں پر حملے میں ملوث ہوئے تھے،حملے کے وقت مسلمانوں نے اقلیتی بچیوں کو بحفاظت اپنے گھروں میں پناہ دی،انکے گھروں کی تعمیر سے لیکر انصاف تک مکمل تعاون کیا گیا تھا،جڑانوالہ میں جو واقعہ ہواچیف منسٹر سے لیکر وزیر اعظم تک سبھی وہاں پہنچے،ہم نے وہاں بھی تمام وسائل دئیے کھانا پہنچایا رہائش دی،ہمیں پیار کو قائم کرنا چاہئیے،مینارٹی کارڈ سمیت جتنے بھی پروجیکٹ کئے جارہے ہیں انکا مقصد عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا مقصد مہنگائی کے مقابلے میں عام آدمی کو کچھ ریلیف دینا ہے،مہنگائی کی شرح چالیس فیصد سے چار فیصد تک پہنچ گئی ہے،اسے مزید کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،ہمت کارڈ کے ذریعے بھی مدد کی جارہی ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان پروجیکٹس پر کوئی اور تنقید ہونہیں سکی تویہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ اشتہار دئیے جارہے ہیں،میڈیا فورتھ پلر ہے ،میڈیا کو اشتہار نہ دئیے جائیں تو میڈیا مالکان دو ماہ سے زیادہ نہ چل سکیں،مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام کام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1999 میں ملک آگے بڑھ رہا تھا کہ 12 اکتوبر آگیا،9 سال میں یہ کہا گیا کرپشن بہت ہے ہم حقیقی جمہوریت لا رہے ہیں،حقیقی جمہوریت ایسی آئی کہ دہشت گردی عام ہوگئی،جو گھر سے نکلتا تھا اسے واپس آنے کی امید کم ہوتی تھی،لوڈشیڈنگ کی بھی انتہا کی ہو گئی،لوگ پاکستان نہیں آتے تھے کہ دہشتگردی بہت ہے،2012 میں ہم آئے ہم نے چار سال میں دونوں مسئلوں کو حل کیا،2017 تک ملک ٹھیک چل رہا تھا اسکے بعد 2022 تک بھرپور کرپشن ہوئی،ملک ڈیفالٹ تک پہنچ چکا تھا،ہم نے دوبارہ کندھا دیااور ملک کو بہتری کی طرف لائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ملک اب اسی طرح تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و خوشحالی کی منازل کی جانب گامزن رہے گا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام اقلیتی برادری کیلئے ایک اور مثالی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ایک سال میں اقلیتی برادری کے لیے بے شمار مثالی اقدامات کیے ہیں اورمینارٹی کارڈزکا اجرا ان میں سے ایک اہم ترین قدم ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ پنجاب حکومت کے ایک سالہ دور میں اقلیتی برادری کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے گئے ہیں اوراقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ ہی پنجاب حکومت کا عزم ہے۔وزیر اقلیتی امورنے کہا کہ اقلیتی بچوں کیلئے ای لرننگ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں اور تعمیر وترقی کے ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اقلیتوں کی خدمت کا سفر مشن سمجھ کر جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں سے وابستہ تقریباً 8 ہزارافراد کو اقلیتی کارڈز دیئے جارہے ہیں۔
21