میں ایسٹر کے پر مسرت موقع پر پاکستان میں مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ایسٹر امید، تجدید اور زندگی کے جشن کا موقع ہے۔ یہ ہمیں ہمدردی، قربانی اور درگزر کی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن، ہم اتحاد اور ہم آہنگی کے اس جذبے کو مناتے ہیں جو عقیدے یا پس منظر سے قطع نظر ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتا ہے۔
ہمارا آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اور ہم پاکستان میں تمام اقلیتوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان میں مسیحی برادری نے ہمیشہ ہمارے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہم تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت کے شعبوں میں مسیحی برادری کے تعاون کا دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے معاشرے کی بہتری اور ترقی کے لیے ان کے عزم اور امن، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کے اصولوں کے لیے ان کی لگن پر فخر ہے۔
آج کے دن، آئیے ہم رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اپنے پیارے ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔ دعا ہے کہ یہ ایسٹر سب کے لیے امن، خوشیاں اور خوشحالی لائے۔
میں ایک بار پھر مسیحی برادری کیلئے مبارک، پرامن اور پرمسرت ایسٹر کا خواہش مند ہوں۔
