16

سی ڈی اے کاروباری کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے، محمد علی رندھاوا، چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد: (ندیم گلزارکھوکھر): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بدھ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئےکہا کہ کاروباری برادری ملک کی ترقی، خوشحالی، معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے اور ضرورت پڑنے پر آئی سی سی آئی اور ایف پی سی سی آئی کے فوکل پرسنز کو سی ڈی اے بورڈ میٹنگز میں مدعو کیا جائے گا تاکہ بورڈ کو کاروباری طبقات کے مسائل سے آگاہ کیا جاسکے.انہوں نے سی ڈی اے کے زیر انتظام شہریوں کو پانی کی فراہمی کے اقدامات اور شجرکاری مہم کی تفصیلات بھی بتائیں جو کہ ایک اہم قدم ہے. انہوں نے زور دیا کہ نئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا.آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر کی قیادت میں کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے کی گئی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری کو کچھ مسائل درپیش ہیں جن کے فوری حل کی ضرورت ہے. انہوں نے سیکٹر H-13 میں بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے مخصوص قبرستان کے قیام کی درخواست بھی کی. انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کے تعاون سے اسلام آباد کی خوبصورتی اور شجرکاری کو بڑھانے کیلئے ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے سڑکوں کی بہتری، شہر کی خوبصورتی، ماحول دوست درختوں کی شجرکاری اور آن لائن پیڈ سسٹم متعارف کروانے سمیت پانی اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کو جدید بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری بشمول تاجر، صنعتکار اور دیگر سی ڈی اے کے ساتھ ملکر ایک صاف، سر سبز، محفوظ اور قبضہ مافیا سے پاک اسلام آباد بنانے میں اپنا کردار ادا کریں جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری ماحول بھی بہتر ہوگا.آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے اپنے شکریہ کلمات میں چیئرمین سی ڈی اے کی کوششوں اور خاص طور پر ان کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کو سراہا جو کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے ان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے. انہوں نے کہا کہ اس سے دارالحکومت میں بہتر کاروباری ماحول کی راہ ہموار ہوگی.تقریب میں سابق آئی سی سی آئی صدور میاں شوکت مسعود، اعجاز عباسی، باسط داؤد، خالد اقبال ملک کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران سردار طاہر محمود، عرفان چوہدری، ملک عبدالعزیز، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، طاہر ایوب، نعیم اختر اعوان، عامر قریشی، ثناء اللہ خان، فاطمہ عظیم اور آئی سی سی آئی صدر کے مشیر نعیم صدیقی کے علاوہ سی ڈی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے.اس موقع پر ڈاکٹر راشد افتاب نے پانی کے تحفظ کی اہمیت پر ایک جامع پریزنٹیشن بھی دی. تقریب کے آغاز میں مہمان خصوصی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے آئی سی سی آئی صدر کے ہمراہ چیمبر کے لان میں ایک شجر لگا کر سی ڈی اے کے اشتراک سے آئی سی سی آئی کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جو کہ سر سبز اسلام آباد کے مشترکہ عزم کی علامت ہے.میٹنگ کا اختتام اس عزم پر ہوا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے اسلام آباد کی کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کیلئے قوانین کے تحت باہمی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ پائیدار کاروباری ماحول کو یقینی بنایا جاسکے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں