ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی میں خشک سالی کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پانی کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنا رہا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں بارشوں کی کمی کے باعث راولپنڈی شہر میں پانی کی کمی سے خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کے سبب پانی کے ذخائر مشکلات سے نبر آزما ہیں اور محدود مقدار میں پانی دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کی کمی کے درمیان، پی ایچ اے صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور گرین بیلٹس اور پارکوں میں پودے لگانے کے لیے پانی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے مختلف طریقہ کار کو بروئے کار لا رہا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ راولپنڈی کے پارکوں میں پودوں کو پانی دینے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے اور پانی کے درست استعمال کے لیے مکمل چیک اینڈ بیلنس بھی رکھا گیا ہے۔ احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں ہریالی کو برقرار رکھنے اور پانی کی خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قابل عمل اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے کی جانب سے بارش کے پانی کے تحفظ کے اقدامات کو بھی بروئے کار لایا گیا ہے اور پی ایچ اے شہر کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ پانی کو بچانے کے لیے پودوں اور سبزہ زاروں کے لیے پانی کے استعمال پر نظر رکھیں۔
