اسلام آباد ( پ ر)
چئیرمین کیرئیر گروپ آف انسٹیٹیوشنز جاوید انتظار نے کہا کہ تعلیم راستہ اور علم منزل ہے۔ تعلیم کے راستے کو روشن کر کے ٹھوکر لگنے سے تربیت بچاتی ہے۔ انسان اتنا بڑا ہوتا ہے جتنے بڑے اسکے خواب اور اہداف ہوتے ہیں۔ طالبات آج اپنی منزل اور ہدف کا تعین کر لیں۔ کیرئیر کالج طالبات کو انکی منزل اور ہدف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی اور ٹھوس تعلیمی منصوبہ بندی کا لائحہ عمل دے گا۔ جس کی روح پر عمل کر کے طالبات کامیابی کے نئے ریکارڈ بنا سکتی ہیں۔وہ اسلام آباد کیرئیر کالج گرلز کیمپس کیانی روڈ بہارہ کہو میں نویں جماعت میں داخلہ لینے والی طالبات کی خوش آمدید تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جاوید انتظار نے کہا کہ کیانی روڈ بہارہ کہو میں لڑکیوں کے لئے چھٹی سے دسویں جماعت کے لئے گرلز کیمپس علیحدہ بنانے کا مقصد بچیوں کے لئے معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی ہے۔ بہارہ کہو اور اسکے ملحقہ علاقوں کے والدین اور بچیوں نے آئی سی سی گرلز کیمپس کو سراہا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل اسلام آباد کیرئیر میٹرک سیکشن کیانی روڈ بہارہ کہو احسن سعید اور کوارڈینیٹر گرلز کیمپس محمد شہزاد بھی موجود تھے۔ جاوید انتظار نے کہا کہ کیرئیر کالج اللہ اور سائنس کے نظام کی روشنی سے گائیڈ لائن لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ کامیاب انسان اپنے وقت کی تقسیم کو ترجیعات کے مطابق ایڈجسٹ کرتا ہے۔ ایک طالبعلم کی زندگی میں دو عناصر بہت اہم ہوتے ہیں۔ پہلا عنصر والدین ہوتے ہیں۔ انکا کردار زمانہ طالب علمی میں سہولت کاری کا ہوتا ہے۔ جو اپنی بچی بچے کو کسی نجی سکول میں داخل کروا کر ماہانہ فیس یونیفارم جیب خرچ کی ذمہ داری پوری کرتے ہیں ۔دوسرا عنصر تعلیمی ادارہ اور اساتذہ ہوتے ہیں۔ جنکا کردار خدمات سرانجام دینا ہوتا ہے۔ لیکن یہ دونوں عناصر یا ان میں کوئی ایک بھی طالبات کی جگہ پر فیڈرل بورڈ کے پرچے نہیں دے سکتا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے ایک طالبعلم کو اسکے اپنے علاوہ کوئی کامیاب یا ناکام نہیں کر سکتا۔ انہوں نے چار گھنٹے روزانہ کے شیڈول کی تفسیم کر کے بتاتے ہوئے ہر مضمون کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کا فارمولا بتاتے ہوئے کہا کہ جو اپنی ترجیعات کے تحت وقت کی تقسیم کے مطابق خود کو پابند کر لیتا ہے۔ وہ کامیاب ہوجاتا ہے۔ ماہانہ ٹیسٹ فیڈرل بورڈ کے طے کردہ حتمی ہدف کے حصول میں معاون کردار ادا کرتے ہیں۔ جو خود کی حوصلہ افزائی کے ذریعے آگے بڑھنے کی بنیاد ثابت ہوتے ہیں۔ آخر میں طالبات نے موضوع کی گہرائی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
21