15

بی اے ناصر ( پی ایس پی ) نے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد ( کرائم رپورٹر) بی اے ناصر ( پی ایس پی ) نے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ بی اے ناصر نیشنل ہائی وے پولیس کے چوبیسویں (24 ویں) انسپکٹر جنرل ہیں۔ نئے انسپکٹر جنرل کا ادارے کو مضبوط اور عوامی خدمت کے عزم کا اظہار ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے پولیس افسر بی اے ناصر نے بطور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا چارج سنبھال لیا ۔ بی اے ناصر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے چوبیسویں (24) انسپکٹر جنرل ہیں۔ اس سے قبل آپ وزارت مواصلات میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات اپنی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ بی اے ناصر پولیس کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر کام کیا جس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسٹیبلشمنٹ پنجاب، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت ریلوے، سی سی پی او لاہور ، ایڈیشنل آئی جی لوجسٹک اینڈ پریکیورمنٹپنجاب، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر پنجاب پولیس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ، ڈی پی او سرگودھا اور چکوال، اے آئی جی ویجیلنس پنجاب، اے آئی جی ڈیویلپمنٹ پنجاب، ایس پی سیکورٹی اسلام آباد کے علاوہ ڈائریکٹر ٹریننگ نیشنل پولیس اکیڈمی اور پولیس ڈویژن اقوام متحدہ کے تحت پولیس ریفامز ایڈوائزر کے طور پر پاکستان کی جانب سے اپنی خدمات انجام دیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینٹرل پولیس آفس آسلام آباد آمد کے موقع پر انہیں چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔ اس موقع پر افسران سے ان کا تعارف کرایا گیا اور ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ نئے انسپکٹر جنرل پولیس نے ادارے کو مضبوط اور عوام کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا ۔ وہ پولیس سروس میں انتہائی اعلیٰ ریکارڈ کے حامل پروفیشنل اور ایماندار افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔نئے انسپکٹر جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں اس محکمے کی کمانڈ ملنا ان کے لیے باعثِفخر ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایمانداری کے حوالے سے معروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کی بنیادی اقدار ایمانداری، حسن اخلاق اور مدد ہیں، جو کہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر صورت میں برقرا رکھا جائے گا۔ افسران ہمیشہ قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی بروقت اورفوری مدد کریں اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اورٹریفک حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو قومی اداروں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ انسپکٹر جنرل نے مزید کہا کہ افسران کی استعدا دِ کار کو بڑھانے کے لیے ٹریننگ کورسز شروع کیے جائیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی شاہراہوں کو مزید محفوظ اور جرائم سے پاک بنایا جائے گا۔ اوور لوڈنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے سدِباب کے لئے ایکسل لوڈ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ محکمہ ہٰذا کے ملازمان کی فلاح و بہبود کے لئے بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انسپکٹر جنرل نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں