اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کے ممبران اور سینئر افسران کو دو مہینے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ایچ اے کا ادارہ اپنی روش بدلے، سست روی نہیں چلے گی جو افسر کام نہیں کرے گا اسے گھر جانا ہو گا۔ وزارت مواصلات سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ادارے کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر کو بر وقت مکمل کرنا ادارے کی ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ منصوبوں کی تعمیر میں تاخیر سے ان کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ جن منصوبوں پر زیادہ کام ہو چکا ہے انہیں پہلے مکمل کریں، این ایچ اے افسران کے پاس کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے دو ماہ کا وقت ہے اور ان دو مہینے کے بعد کارکردگی بہتر نہ بنانے والوں کو فارغ کر دیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے این ایچ اے افسران کو محنت، لگن اور تندہی سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں سرکاری فنڈز کے زیادہ سے زیادہ درست استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات کو سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں شاہراہوں کے زیر تکمیل اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت سینئر افسران نے ادارے کے منصوبوں پر اب تک کی رپورٹ بھی پیش کی
13