8

افغانستان حکومت کے نمائندہ وفد کی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا سے ملاقات

اسلام آباد ( حبدارنیوز) 18 اپریل 2025
افغانستان کی عبوری حکومت کے نمائندہ وفد نے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان وفد کی قیادت افغانستان کے قائمقام وزیرِ تجارت و صنعت حاجی نورالدین عزیزی نے کی۔ وفد میں افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین و وطن واپسی، پاکستان میں افغان سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
فریقین کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ اور افغان باشندوں کی وطن واپسی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان، افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغان باشندوں کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ بھی جو قانونی طریقے سے آئیں گے، اُنہیں کھلے دل سے خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ون ڈاکومنٹ رجیم کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی فرد بغیر قانونی دستاویزات کے پاکستان میں مقیم نہ ہو۔ طلال چوہدری نے کہا کہ افغان بہن بھائی ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں اور کوشش ہوگی کہ انہیں وطن واپسی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں اعلیٰ طبی اور دیگر سہولیات سے آراستہ 50 سے زائد ٹرانزٹ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ مملکت کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے وزارتِ داخلہ اور متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز کی نگرانی میں کمپلینٹ سیل قائم کیے گئے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کے ساتھ گہرا رشتہ ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ان کے بھائی چارے کا مکمل حق ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کو 30 جون تک کسی بھی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ طلال چوہدری نے یہ بھی اعلان کیا کہ نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک وفد جلد افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے افغانستان کا دورہ کرے گا۔ افغان وفد نے پاکستان کی جانب سے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران افغان باشندوں کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قائمقام افغان وزیر تجارت و صنعت حاجی نورالدین عزیزی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دوطرفہ سیکیورٹی اور تجارت کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں